اسلام آباد (سپورٹس نیوز)جنوبی ایشیا اولمپک کونسل کے تعاون سے سیف گیمز 4 سے 11 اپریل2027تک منعقد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ طارق باجوہ اور وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔سیف گیمز 2027میں28کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں چھ ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔سیف گیمز کے مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں منعقد ہوں گے۔قومی کوآرڈینیٹر کی تقرری اور اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ و صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دے دی گئی۔نائب وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ برقرار رکھنے اور وینیوز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے اعلی ترین انتظامی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ماہ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی۔




