فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)میں اعلیٰ نظم و نسق، دفتری امور میں شفافیت اور شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامی معاملات کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ایک اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، سٹاف کی حاضری، دفتری نظم و ضبط اور شہریوں سے متعلقہ امور پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی/ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کہا کہ ایف ڈی اے میں شفاف، ذمہ دار اور عوام دوست دفتری نظام کے قیام کو اولین ترجیح حاصل ہے، افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، فرض شناسی اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیں۔ فرائض سے پہلو تہی، غیر حاضری، دفتری امور میں غیر ضروری تاخیر، اختیارات کے ناجائز استعمال یا کسی بھی قسم کی بددیانتی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے جائز کاموں کے سلسلے میں ایف ڈی اے سے فوری اور شفاف خدمات کی توقع رکھتے ہیں، اس لیے کسی بھی افسر یا اہلکار کی غفلت کے باعث شہریوں کو غیر ضروری انتظار یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تمام شعبہ جات میں زیر التوا کیسز کو مقررہ مدت کے اندر نمٹانے، دفتری امور میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور شہری درخواستوں پر بروقت کارروائی یقینی بنانے کے لیے موثر مانیٹرنگ کا نظام مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ قیصر عباس رند نے افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں سٹاف کی بروقت حاضری، ڈیوٹی روسٹر، کارکردگی اور دفتری نظم و ضبط کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔ افسران اپنے ماتحت عملے کی کارکردگی کے ذمہ دار ہوں گے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی کی صورت میں جوابدہی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور عوام کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایف ڈی اے میں بھی کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، سٹاف کی حاضری، زیر التوا امور، شہری درخواستوں اور دفتری معاملات کو بروقت نمٹانے کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی گئی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے شعبہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف ڈی اے میں میرٹ، شفافیت، قانون کی پاسداری اور بہترین انتظامی نظم و نسق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔




