فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی انتظامیہ نے ایف ڈی اے سٹی کے نادہندہ الاٹیز کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈویلپمنٹ و ایڈ یشنل ڈویلپمنٹ چارجز جمع کرانے کی مدت میں 30 جون 2027تک توسیع کر دی ہے۔ اس فیصلے کی منظوری ایف ڈی اے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی، جس کا مقصد نادہندہ الاٹیز کو اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی کا مزید موقع فراہم کرنا اور ایف ڈی اے سٹی کے مالی و ترقیاتی امور کو بہتر بنانا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نادہندہ الاٹیز پر زور دیا ہے کہ وہ ادائیگی کی مدت میں توسیع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر اپنے ذمہ واجب الادا ڈویلپمنٹ و ایڈیشنل ڈویلپمنٹ چارجز فوری جمع کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے دوران واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ان کے پلاٹس کی منسوخی کے لیے محکمانہ اقدامات بھی شامل ہوں گے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی و ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں نے بتایا کہ توسیع شدہ مدت کے دوران نادہندہ الاٹیز دو ہزار روپے فی مرلہ جرمانے کے ساتھ اپنے ذمہ ڈویلپمنٹ و ایڈیشنل ڈویلپمنٹ چارجز جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الاٹیز کو ادائیگی کے لیے اضافی مہلت فراہم کرنے کا مقصد انہیں اپنے مالی معاملات درست کرنے اور پلاٹس کی ملکیت برقرار رکھنے کا موقع دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کے الاٹیز کو چاہیے کہ وہ اپنے واجبات کی تفصیلات حاصل کرکے مقررہ طریقہ کار کے مطابق ادائیگی یقینی بنائیں، تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی قانونی یا محکمانہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔ واجبات کی بروقت وصولی سے ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر ضروری امور کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے نادہندہ الاٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس رعایتی مہلت کو سنجیدگی سے استعمال کریں، ادائیگی کے معاملات میں مزید تاخیر سے گریز کریں اور 30جون 2027کی حتمی تاریخ سے قبل اپنے تمام واجبات ادا کرکے اپنی الاٹمنٹ کو ممکنہ منسوخی سے محفوظ بنائیں۔




