لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جانوروں، پرندوں اور درندوں کے علاج اور تحفظ کیلئے پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو اجلاس میں وائلڈ لائف ہسپتال سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جدید سہولیات سے آراستہ پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال میں 12آپریشن تھیٹرز اور 2 معائنہ رومز قائم کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت وائلڈ لائف ہسپتال کا قیام جنگلی حیات کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔ اجلا س میں وزیراعلی پنجاب کی جانب سے جلو پارک کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت جدید ایکو ٹورازم مرکز بنانے کیلئے ماسٹر پلان اور بزنس پلان تیار کرنیکی ہدایت سے بھی آگاہ کیا گیا۔جنگلات میں آتشزدگی کی بروقت نشاندہی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظام نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ اے آئی، لانگ رینج تھرمل کیمروں، لائیو سرویلنس اور سیٹلائٹ مانیٹر نگ کے ذریعے جنگلات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں 5 کروڑ پودے لگانے کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے
، جبکہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران مزید ایک کروڑ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں، عوام کی شمولیت سے غازی گھاٹ میں 1500 ایکڑ رقبے پر شجرکاری بھی کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں 285 جیو ٹیگنگ نرسریاں فعال ہو چکی ہیں، جہاں ہر پودے کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ڈیجیٹل مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔




