فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) موسم کی تبدیلی اور حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی مچھروں نے سر اٹھا لیا’ محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے سپرے کروایا اور نہ ہی انسداد ڈینگی ٹیموں کو متحرک کر سکا۔ تفصیل کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی نشوونما میں اضافہ ہو گیا، مچھروں کی بہتات کی وجہ سے شہری پریشان جبکہ محکمہ صحت نے خاموشی اختیار کر لی اور انسداد ڈینگی کیلئے بھرتی کی جانیوالی ٹیموں کو ڈینگی کے خاتمہ کیلئے کی جانے والی سرویلنس کی بجائے دفتر میں ڈیوٹیاں لگا رکھی ہیں۔ مبینہ طور پر ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر شہری ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی مچھروں سے محفوظ رہنے کیلئے حفاظتی اقدامات کریں، گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، صفائی ستھرائی رکھیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر عمران حامد شیخ’ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے شہر بھر میں سپرے کروایا جائے اور ڈینگی ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔




