فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر انسانی سمگلنگ’ حوالہ ہنڈی’ جعلی ادویات تیار کرنے اور فیسکو ملازم بن کر شہریوں کو لوٹنے والے 6افراد گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ایف آئی اے نے فیسکو اہلکار بن کر سادہ لوح شہری کو گرین نیٹ میٹر لگوانے کے عوض ایک لاکھ 60ہزار روپے وصول کرنے والے ملزم زوہیب علی ولد محمد یوسف سکنہ ریلوے کالونی کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے فیصل آباد سرکل ٹیم نے شہری کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دیکر 25 لاکھ کی رقم بٹورنے والے انسانی سمگلر ساجد علی وسیم کو پکڑ لیا جس نے شہری سکندر حیات کو سعودی عرب کے راستے لیبیا پہنچایا جہاں پر وہ پکڑا گیا۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے فیصل آباد سے جعلی وغیر رجسٹرڈ اودیات کی تیار کرنے میں ملوث ملزم طلحہ آصف کو ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی جبکہ ایف آئی اے ٹیم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان شاہ زیب اور قبضہ سے 19لاکھ سے زائد رقم برآمد کر لی۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے سرگودھا نے انسانی سمگلر ارباب احمد کو گرفتار کر لیا جس نے شہری عثمان کو ایران بھجوانے کا جھانسہ دیکر 5لاکھ کی رقم ہتھیائی تھی۔




