فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 206 رب میں ریٹائرڈ سب انسپکٹر کے ڈیرہ پر قائم آتش بازی سامان تیار کرتے ہوئے دھماکہ’ بیٹا جاں بحق’ باپ بری طرح جھلس گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر شفقت حسین نے 206 رب میں ڈیرہ بنا رکھا تھا جہاں پر آتش بازی کا سامان تیار کیا جاتا تھا، گزشتہ روز آتش بازی کا سامان تیار کرتے زور دار دھماکہ ہوا تو اس کی لپیٹ میں آ کر سید فخر عباس شاہ اور اس کا 12سالہ بیٹا سید عزادار بری طرح جھلس گئے، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی اور ڈیرہ کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی۔ مضروبان کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لایا گیا جہاں پر 12سالہ عزادار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ فخر عباس کا جسم 70فیصد جھلس گیا، تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔




