لاہور( بیورو چیف) 115مخصوص اضلاع میں 7روزہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا فیصلہ کیا ہے، 22سے 27ستمبر تک 5سال سے کم عمر 3کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب کے 13 اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ، سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ، خیبر پختونخوا ہ کے 33 اضلاع میں 73 لاکھ، بلوچستان کے 32 اضلاع میں 23 لاکھ اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے دو مخصوص اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے خصوصی پولیو مہم کے انتظامات شروع کردیئے ہیں۔دوسری جانب رواں سال پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ خیبر پختونخوا ہ کے ضلع بنوں میں بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ملک بھرمیں پولیو کیسز کی تعداد 4 تک پہنچ گئی۔




