تاجر برادری بلا خوف و خطر اپنا کاروبار جاری رکھے،ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ

جڑانوالہ (نامہ نگار) ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ ساجد موہل نے شہر کی تاجر برادری سے خصوصی ملاقات کی،جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، تاجروں کے تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈی ایس پی سرکل نے تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر بلاخوف و خطر آزادانہ طور پر اپنا کاروبار جاری رکھیں، پولیس شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت موجود ہے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی، سکیورٹی خدشے یا مسئلے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے، پولیس ان شا اللہ بروقت کارروائی کرے گی۔ڈی ایس پی نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانوں اور کاروباری مراکز کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے سکیورٹی کے موثر انتظامات یقینی بنائیں اور جرائم کے سدباب کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری باہمی تعاون سے جڑانوالہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر اور مستحکم بنا سکتے ہیں۔ پولیس کے دروازے تاجر برادری سمیت تمام شہریوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، کسی بھی مسئلے کی صورت میں بلاجھجھک پولیس سے رابطہ کیا جائے۔ڈی ایس پی سرکل نے مزید کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مسئلے کی صورت میں براہِ راست ان سے رابطہ کر سکتی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں