لاہور(بیورو چیف)وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 50 ارب ڈالر تک لے جانا ہے،ایک لاکھ تربیت یافتہ آئی ٹی ماہرین پاکستان کی معیشت میں ایک ارب ڈالرشامل کرسکتے ہیں، آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے انسانی وسائل کی تیاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی صنعت کے ساتھ مل کر برآمدات میں مسلسل ترقی پر توجہ دے رہی ہے، آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے پاکستان کی مارکیٹنگ اور عالمی تاثر بہتر بنانا ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو آئی ٹی شعبے میں ہنرمندانسانی وسائل کی کمی کاسامنا ہے،سکول سے یونیورسٹی تک انسانی وسائل کی درست تربیت ضروری ہے،حکومت آئی ٹی شعبے کے لئے بڑے پیمانے پر تربیتی پروگرامز کررہی ہے۔شزا فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی صنعت تیزی سے منتقل ہونے والی صنعت ہے،کاروبار اور لین دین میں آسانی انتہائی اہم ہے،دبئی یاسنگاپور میں ٹیک کمپنی چند منٹوں میں رجسٹر ہوسکتی ہے،پاکستان میں آئی ٹی سرمایہ کاری کے لیے بھی سازگار کاروباری ماحول ضروری ہے۔




