ریڑھی والوں اور بھکاریوں نے لاوڈ سپیکر کے استعمال سے شہریوں کا سکون چھین لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر بھر میں گلی محلوں اور بازاروں میں ریڑھی والوں اور بھکاریوں کی طرف سے دھڑلے سے کیے جانے والے لائوڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال پر شدید تشویش کا اظہار۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مساجد کے بیرونی لائوڈ سپیکر بند کروا دیئے گئے ہیں، جبکہ دوسری طرف یہ عناصر صوتیآلودگی پھیلانے اور لائوڈ سپیکر ایکٹ کی کھلم کھلا دھجیاں اڑانے میں مصروف ہیں۔ شہریوں نے نشاندہی کی ہے کہ گلی محلوں میں سارا دن اونچی آواز میں سپیکر چلا کر فروخت کرنے والے اور بھکاری شدید ذہنی اذیت کا سبب بن رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف بیماروں، بزرگوں اور چھوٹے بچوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ طلبہ کی پڑھائی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس کھلی خلاف ورزی پر مجرمانہ خاموشی نے انتظامی رٹ پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ عوامی وسماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ لائوڈ سپیکر ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق بلاتفریق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ گلی محلوں اور بازاروں میں ریڑھی والوں اور پیشہ ور بھکاریوں کی طرف سے لائوڈ سپیکر کے استعمال پر فوری پابندی لگائی جائے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں