اسلام آباد (بیورو چیف)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 20ستمبر کو ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے، حکومت پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے بھتہ وصول کر رہی ہے، پٹرولیم لیوی کو ختم کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ظالم حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، پنجاب کی وزیراعلیٰ نے بھتہ ٹیکس سے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا، قوم کو بے وقوف بنانے کے لیے چند پراجیکٹس دکھائے جاتے ہیں۔




