فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے دفتری امور، نظم و ضبط، ملازمین کی حاضری اور سرکاری فرائض کی احسن انداز میں انجام دہی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں خصوصی طور پر ورک مین سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے اجلاس سے خطاب کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-II سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی/ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل محسن بشیر سمیت دیگر افسران و اہلکار اور انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے میں کرپشن، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری امور میں غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ادارے میں نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور دفتری معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و ملازمین اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور مقررہ اوقات کار کی مکمل پابندی کریں۔ سرکاری ملازمین کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو بروقت اور موثر خدمات فراہم کریں اور اپنے فرائض ایمانداری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افسران و سٹاف کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، غیر حاضر رہنے، فرائض میں غفلت برتنے یا دفتری امور میں بلاجواز تاخیر کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی کارکردگی اور حاضری کی موثر نگرانی کریں، سرکاری امور کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات باہمی رابطے اور ٹیم ورک کے ذریعے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




