مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کا کوچ بنانا بڑی غلطی ہو گی’ شاہد ہاشمی

لاہور (سپورٹس نیوز) معروف کرکٹ تجزیہ کار اور سینئر صحافی شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ مائیک ہیسن کو قومی ریڈ بال ٹیم کی کوچنگ دینا پی سی بی کی بڑی غلطی ہوگی۔نجی ٹی وی کے پروگرام اسپورٹس روم میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ وائٹ بال میں ان کے نتائج تسلی بخش نہیں تو ریڈ بال کی ذمہ داری کیوں دی جائے؟انہوں نے کہا کہ کوچنگ کی توجہ تقسیم ہونے سے ون ڈے ورلڈ کپ پلان متاثر ہوگا، مائیک ہیسن محدود اوورز (وائٹ بال) کی کرکٹ کے تو بہترین کوچ ہیں لیکن انہیں ریڈ بال (ٹیسٹ) ٹیم کی مستقل ذمہ داری سونپنا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے ان کی توجہ ایک ہی فارمیٹ پر مرکوز رہنی چاہیے۔شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ مائیک ہیسن خود بھی ریڈ بال کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں، تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ وہ خود تو تینوں فارمیٹس کے لیے الگ الگ کپتانوں کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن یہ اصول اپنے لیے لاگو نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت خاص طور پر ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان 2011 کے بعد سے ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکا۔شاہد ہاشمی کے مطابق پاکستان کے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور اچھی ٹیم بنائی جاسکتی ہے، تاہم اس کے لیے باریک بینی سے منصوبہ بندی اور مسلسل توجہ درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض ممالک میں ایک ہی کوچ تینوں فارمیٹس کی ذمہ داری سنبھالتا ہے، تاہم وہاں بھی نتائج کا جائزہ لینا ضروری ہے۔دوسری جانب نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کے موقع پر شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی، ایجبسٹن میں رضا اللہ نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں متاثر کن کھیل پیش کیا اور اپنے ڈیبیو کو یادگار بنادیا۔شاہد ہاشمی نے نوجوان فاسٹ بولر کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رضا اللہ کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں