کراچی (بیورو چیف)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 50سے 60ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں تو پیٹرول ہی 60 روپے سستا کردیتے۔ایک انٹرویو میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول لیوی 28 سے 30 فیصد ہے حکومت سبسڈی کے بجائے لیوی ہی کم کردیتی۔انہوں نے کہا کہ موبائل میسج کرکے پیٹرول پمپ جانا ہے پھر انہوں نے اپنی دیہاڑی بھی بنانی ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے حکومت کو چاہیے اپنے اخراجات کم کرتی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی ہونی چاہیے لیکن اتنی زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال ریفائنری کا منافع زیادہ سے زیادہ 155 فیصد تک بڑھا دیا، سب نے اس کرائسز میں فائدہ اٹھایا لیکن حکومت کے اخراجات کم نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سبسڈی کا آئی ایم ایف کو کہیں گے تو وہ جواب دیں گے خسارہ بڑھ جائے گا یا پھر آپ اپنے خرچے کم کریں۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرول سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کیلئے رجسٹریشن کیلئے درکار ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی سبسڈی ریلیف کے لیے درکار ایس ایم ایس سروس کو مفت کیا جائے۔موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائیگی جس میں اسلام آباد کیلئے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کر دی جائے گی۔




