اسلام آباد (بیوروچیف) الیکشن کمیشن کے مطابق 2جولائی کے بعد ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد میں 2لاکھ 94ہزار 818کا اضافہ ہوا، جسکے بعد مجموعی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13کروڑ 68لاکھ 69ہزار 217ہوگئی۔الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، 2 جولائی کے بعد مجموعی طور پر 2لاکھ 94ہزار 818نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا، جس کے بعد ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13کروڑ 68لاکھ 69 ہزار 217ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7کروڑ 75لاکھ 71ہزار 216ہوگئی ہے،2جولائی کے بعد پنجاب میں 94ہزار 582نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں ووٹرز کی تعداد 2کروڑ 34لاکھ 92ہزار 258ہوگئی، جبکہ 2جولائی کے بعد صوبے میں 85ہزار 309نئے ووٹرز کا اندراج ہوا، سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2کروڑ 87لاکھ 41ہزار 92تک پہنچ گئی ہے ۔اور صوبے میں اس عرصے کے دوران 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 154 ہوگئی ہے، جہاں 2 جولائی کے بعد 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہوگئی، جبکہ اس عرصے کے دوران اسلام آباد میں 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔




