لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کی جانب سے ایشین گیمز کے لیے بھیجے گئے دستے میں ثنا عارف کی کہانی خاصی متاثر کن ہے جنہوں نے صرف پانچ سال قبل 2021 میں تیراکی سیکھنا شروع کی تھی اور اب جاپان میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔کویت میں پیدا ہونے والی اور لاہور میں پرورش پانے والی ثنا 2007 میں دوبارہ کویت منتقل ہوگئی تھیں۔ انہیں کھیلوں میں ہمیشہ دلچسپی رہی، تاہم تیراکی ان کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھی اور انہوں نے 2021 میں اسے سیکھنا شروع کیا۔صرف دو سال بعد 2023 میں انہوں نے ترکی میں اپنا پہلا آئرن مین 70.3 مکمل کیا، جس میں 1.9 کلومیٹر تیراکی، 90 کلومیٹر سائیکلنگ اور 21.1 کلومیٹر دوڑ شامل ہوتی ہے۔ وہ اب تک تین آئرن مین 70.3 مقابلے مکمل کرچکی ہیں۔




