لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان کے معروف ای گیمر ارسلان صدیقی، جو ای گیمنگ کی دنیا میں ارسلان ایش کے نام سے شہرت رکھتے ہیں نے ٹیکن میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیت کا لوہا منوالیا۔ایک انٹرویومیں 8 مرتبہ ایوو ٹائٹل جیتنے والے ارسلان ایش نے بتایا کہ عالمی چیمپئن بننے تک ان کا سفر آسان نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے برسوں کی محنت، جدوجہد اور محدود وسائل کے باوجود مسلسل پریکٹس شامل ہے۔اپنی جدوجہد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ارسلان ایش نے بتایا کہ وہ ارسلان ایش جسے آج لوگ جانتے ہیں، اس نے بہت جدوجہد کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق ایک متوسط طبقے سے ہے اور اس وقت گیمنگ کے لیے زیادہ سپورٹ بھی حاصل نہیں تھی، اس دور میں پاکستان میں ای گیمنگ کو اتنا سنجیدہ نہیں لیا جاتا تھا اور عام طور پر اسے مستقبل کے پیشے کے طور پر نہیں دیکھا جاتا تھا۔آج کے دور میں 8، 10 یا 12 سال کے بچے گیمنگ کرتے ہیں۔




