نمازیوں کا خون بہانیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کوہاٹ کی اولڈ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ یہ واقعہ اسلام، انسانیت اور پاکستان کی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے ۔ حکومت کو “فتنہ الخوارج” کے خلاف فیصلہ کن اور بے رحم فوجی کارروائی کرنی ہو گی ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستا نہ عالیہ محدث اعظم پاکستا ن صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی چیئرمین تحریک اہلسنت پاکستان اپنے جاری بیان میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے گھر میں سجدہ ریز نمازیوں اور ملک کے محافظوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے ۔ یہ خوارج اور ملک دشمن عناصر اسلام کے نام پر دھبہ اور انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مذاکرات یا کسی مصلحت کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ ریاست فتنہ الخوارج ، ان کے نیٹ ورک ، سہولت کاروں اور ان کے نظریاتی سرپرستوں کے خلاف حتمی گرینڈ آپریشن کا آغاز کرے اور انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج اور پولیس کے ان بہادرجوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے موقع پر دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے مزید بڑی تباہی کا راستہ روکا۔ وطن کے ان بیٹوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں