کمشنر کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ ”ڈویژنل ریونیو کورٹ”کا افتتاح

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ ”ڈویژنل ریونیو کورٹ” کا افتتاح کردیا گیا جس کی بدولت درخواست گزار سائلین کوریونیو کیسز کی سماعت کے ساتھ بیٹھنے کے لئے بھی پرسکون ماحول میسر آئے گا۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈیڑھ ماہ کی مختصر مدت میں قائم ڈویژنل ریونیو کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،ایڈیشنل کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو،سینئر لا آفیسر،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن،جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار،چوہدری عبدالسلام ایڈووکیٹ ودیگر وکلا بھی موجود تھے۔کمشنر نے عدالت کے مختلف شعبے دیکھے اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل سطح پر بڑی عدالت کمشنر آفس کی ہے جہاں ڈپٹی کمشنرز کے ریونیو امور سے متعلقہ فیصلوں پر اپیل کے علاوہ کچھ ابتدائی کیسز بھی شروع ہوتے ہیں لیکن کمشنر آفس میں باقاعدہ کورٹ کمپلیکس نہ ہونے کے باعث ڈویژن کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے درخواست گزاروں اور وکلا کو پریشانی کا سامنا اور انتظار کے لئے مناسب انتظامات نہ تھے لیکن اب ریونیو کورٹ کمپلیکس کی بدولت سہولیات میسر ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ عدالتی فیصلوں کی نقول برانچ کمشنر آفس سیکنڈ فلور سے ریونیو کورٹ فرنٹ ڈیسک پر منتقل کی جارہی ہیں جنہیں کمیپوٹرائزڈ ای فوس سے منسلک بھی کیا جائے گا جبکہ آنے والے ایام میں نقل کی کاپی کے لئے ہوم ڈلیوری سہولت بھی شروع کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار بذریعہ ڈاک نقل کاپی کے لئے فارم بھجوا سکے گا جس پر اسے اس کے متعلقہ ایڈریس پر نقل کی کاپی ارسال کردی جائے گی اسی طرح ریونیو کیسز میں دور دراز کے درخواست گزاروں کو سماعت کے لئے آن لائن جوائن کرنے کی سہولت بھی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سائلین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے۔ایڈووکیٹ چوہدری عبدالسلام ودیگر وکلا نے کمشنر فیصل آباد کی طرف سے ڈویژنل ریونیو کورٹ کمپلیکس کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں