فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں نیشنل گروپ نے کارپوریٹ کلاس کے بعد ایسوسی ایٹ کلاس میں بھی میدان مار لیا’ قائدین میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال کی کوششوں سے نیشنل گروپ کے تمام امیدوار کامیاب ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 2026-28 کے سلسلہ میں کارپوریٹ کلاس کے بعد ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات بھی مکمل ہو گئے ہیں۔ 4660 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 1522 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ 52 ووٹ مسترد ہوئے، 1470 ووٹ درست قرار پائے، ایسوسی ایٹ کلاس کی 14 نشستوں پر الیکشن میں 16امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے نیشنل گروپ کے 14 امیدوار کامیاب قرار پائے، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق نیشل گروپ کے ملک محمد یوسف نے سب سے زیادہ 1329′ محمد سعید نے 1299′ محمد جاوید شریف نے 1296′ محمد تنویر ریاض نے 1295′ محمد فراست علی نے 1293′ محمد عمر نے 1291′ محمد مغیث نے 1288′ عاصم حبیب نے 1284′ محمد اظہر نے 1281′ محمد فاضل نے 1283′ فیصل نعیم پراشہ نے 1275′ محمد آصف نے 1259′ عبدالسلام شاہد نے 1225 اور صداقت حسین خان نے 1180 ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالف گروپ کے امیدوار اصغر علی کو 297 اور زبیر احمد کو 257 ووٹ ملے، الیکشن کمیشن کے ممبران عاطف منیر شیخ’ مزمل سلطان اور چوہدری محمد نواز کے مطابق جیتنے والے امیدواروں کا انتخاب 2 سال کیلئے ہوا ہے۔ انتخابات انتہائی پُرامن صاف اور شفاف ماحول میں ہوئے کسی امیدوار کی طرف سے کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا گیا، نیشنل گروپ کے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی حامیوں کا جشن’ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، شاندار کامیابی پر اپنے قائدین میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر نیشنل گروپ کے قائدین میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب ہونیوالے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور کہا کہ اس بار بھی بزنس کمیونٹی نے نیشنل گروپ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہم تاجر برادری کی خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔




