ہینو بس کی رسی سے بندھی ڈگی کھلنے سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی شدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عبداﷲ پور نیشنل بنک کے سامنے ہینو بس کی رسی سے بندھی سائیڈ ڈگی کھلنے سے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی بری طرح زخمی ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصل آباد سے پشاور جانیوالی ہینو بس اکثر اوقات بغیر روٹ اور ڈگی لاک کرنے کی بجائے انکو رسیاں باندھ کر طارق آباد نیو پھاٹک سے ہو کر گزرتی ہیں اور آئے روز حادثات کا باعث بنتی ہیں اور ٹریفک وضلعی پولیس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ گزشتہ شب بھی عبداﷲ پور کے نائب ناظم مرزا افضل کا بھتیجا عادل اپنی ڈیڑھ سالہ بچی سمیت موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پشاور سے آنیوالی ہینو بس نمبری GPL-3839 بغیر روٹ کے طارق آباد نیو پھاٹک سے داخل ہو گئی اور جب وہ عبداﷲ پور نیشنل بنک کے سامنے پہنچی تو اچانک رسی سے بندھی سائیڈ ڈگی کا دروازہ کھل گیا اور موٹرسائیکل سوار ڈگی سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے اور بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروایا، ڈیڑھ سالہ بچی کے سر میں شدید چوٹ لگنے سے حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے ہینو بس قبضہ میں لیکر حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں