پائیدار ترقی کیلئے ڈیجیٹل تبدیل کا کردار اہم ہے

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب منتقلی میں ڈیجیٹل تبدیلی کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہے۔انہوں نے یہ با ِ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے زیراہتمام اعلیٰ سطح کے وزارتی مکالمے میں کہی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی پاکستان کی معاشی استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب منتقلی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ اور کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ کاری کے ساتھ ساتھ ہنر میں بہتری اور نئی مہارتوں کے حصول پر بھی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ فری لانسرز اور دیگر ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ افراد اعلیٰ مہارت کی حامل خدمات کی جانب منتقل ہو سکیں۔ورچوئل اثاثہ جات کے وسیع پیمانے پر بڑھتے ہوئے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے قانون سازی، نگرانی اور لائسنسنگ کے حوالے سے پاکستان کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل اثاثہ جات کے استعمال کو صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ کم لاگت اور آسان ترسیلاتِ زر کے ساتھ ساتھ سرکاری قرض اور رئیل اسٹیٹ کی ممکنہ ٹوکنائزیشن جیسے عملی استعمالات پر بھی توجہ دی جانی چاہئے۔وزیرِ خزانہ نے کامیاب تجربات اور موثر طریقہ کار کے تبادلہ اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ڈی سی او کے رکن ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں