ساہیوال (بیورو چیف) اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے مریم نواز ہیلتھ کلینک ہڑپہ اور 185 نو ایل کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں، مفت ادویات کی دستیابی و فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور علاج معالجے کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مفت ادویات کے اسٹاک، ان کے ریکارڈ اور مریضوں تک فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا اور وارڈز ودیگر شعبوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی چیک کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے مرکز صحت میں طبی عملے کی حاضری اور فرائض کی انجام دہی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت دیہی علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس لیے یہاں دستیاب وسائل اور سہولتوں سے عوام کو بھرپور فائدہ پہنچنا چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مفت ادویات کی دستیابی اور فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے جبکہ مریضوں کو ادویات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے واضح کیا کہ صحت عامہ سے متعلق سہولتوں کی مؤثر فراہمی براہِ راست عوامی ریلیف سے جڑی ہوئی ہے اور انتظامیہ مراکز صحت میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور مریضوں کو کسی بھی مرحلے پر غیر ضروری دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




