سرگودھا ( بیورو چیف) ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر مس انیتا ہرش نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع سرگودھا میں بے نظیر نشوونما پروگرام کے تحت حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور دو سال تک کی عمر کے بچوں کو فراہم کی جانے والی غذائی و مالی معاونت، فیسلیٹیشن سینٹرز کی کارکردگی اور پروگرام پر عملدرآمد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ،آئی آر ایم ایس سی ایچ اینڈ نیوٹریشن کے افسران، ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، متعلقہ افسران اور وولڈ فوڈ پروگرام کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بے نظیر نشوو نما پروگرام حکومت پاکستان، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، ورلڈ فوڈ پروگرام اور محکمہ صحت کے اشتراک سے ماں اور بچے کی غذائی حالت بہتر بنانے کیلئے جاری ہے۔ پروگرام کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کو حمل کے دوران خصوصی فوڈ سپلیمنٹ فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ بچے کی پیدائش کے بعد دو سال تک بچے کی نشوونما اور غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی غذائی خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بچے کی پیدائش پر مستحق خواتین کو چار ہزار روپے ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔، جبکہ بچوں کو جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے مقررہ مدت تک خصوصی غذائی خوراک اور سپلیمنٹس دیے جاتے ہیں۔ اس طرح حمل سے لے کر بچے کی پیدائش کے بعد دو سال تک کا عرصہ، یعنی بچے کی زندگی کے ابتدائی ایک ہزار دن، پروگرام کا خصوصی محور ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا میں بے نظیر نشوونما پروگرام کے تحت قائم نو فیسلیٹیشن سینٹرز کے ذریعے اب تک تقریباً 40 ہزار مستحق خواتین اور بچوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ فیسلیٹیشن سینٹرز پر رجسٹریشن کے علاوہ مستحقین کی صحت کی جانچ، غذائی مشاورت، فالو اَپ اور خصوصی غذائیت بخش خوراک کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔




