فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیکٹری میں کام کرتے دل کا دورہ پڑنے سے محنت کش چل بسا، نہر سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد،مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد لہولہان، اوباش افراد نے دو سگی بہنوں کو اغوا کر لیا، پولیس مصروف تفتیش ہے، بتایا جاتا ہے کہ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ڈگرانواں روڈ پر واقع ڈائنگ فیکٹری میں کام کرتے ہوئے محنت کش خلیل الرحمن ولد صدیق سکنہ سندھو ٹائون اچانک گر پڑآ ، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی، تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقہ 374گ ب میں نامعلوم شہری کی نہر سے نعش ملی ، پولیس نے شناخت نہ ہونے پر نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے متوفی کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی،جبکہ تھانہ روشن والا کے علاقہ244ر۔ب میں عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان قیصر علی وغیرہ نے ڈیرے پر جاتے ہوئے اللہ دتہ ولد نواز اور اسد ولد ذوالفقار کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر دیا ،ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا، علاوہ ازیں فیکٹری ایریا کے علاقہ ناظم آباد کے رہائشی عبدالرحمن کی بیٹیاںحوریہ اور مناحل گھر سے پریمیئر کالونی سیر کرنے گئیں واپس نہ آئیں جسے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا، پولیس نے مغویان بہنوں کی بازیابی کیلئے تلاش شروع کر دی۔




