جڑانوالہ(صابر گھمن سے) ریونیو دفاتر میں پرائیویٹ افراد کا مبینہ راج،سرکاری ریکارڈ تک رسائی اور رشوت ستانی کی شکایات،شہری سراپا احتجاج،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے ریونیو دفاتر میں مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کی موجودگی اور سرکاری امور میں مداخلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض پرائیویٹ افراد مبینہ طور پر سرکاری ریکارڈ کو اپنی تحویل میں رکھتے اور سائلین کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ریونیو سے متعلقہ معمولی نو عیت کے کاموں کے لیے بھی سائلین کو مبینہ طور پر مختلف افراد کے ذریعے دفاتر کے چکر لگوائے جاتے ہیں، جبکہ بعض معاملات میں مبینہ رشوت کے تقاضوں کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر سرکاری دفاتر میں تعینات اہلکار موجود ہیں تو غیر متعلقہ پرائیویٹ افراد کو سرکاری امور اور ریکارڈ تک رسائی کس قانون یا اجازت کے تحت حاصل ہے،عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ ریونیو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ کے ریونیو دفاتر میں پرائیویٹ افراد کی موجودگی، سرکاری ریکارڈ تک مبینہ رسائی اور رشوت ستانی کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف انکوائری کرائی جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ سائلین کو ریونیو دفاتر میں شفاف،میرٹ پر اور بلا رکاوٹ خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔




