فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ 401 گ ب کے گنڈاس والا چوک کے قریب تیز رفتار ٹرک نے نماز فجر کی ادائیگی کیلئے جانے والے شخص کو کچل دیا، لواحقین کا نعش روڈ پر رکھ کر احتجاج’ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 401 گ ب کا رہائشی خوشی محمد علی الصبح فجر کی نماز کی ادائیگی کیلئے گھر سے نکلا جب روڈ کراس کرنے لگا تو تیز رفتار ٹرک کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی لواحقین موقع پر پہنچے تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ تاہم پولیس اطلاع کے باوجود موقع پر نہ پہنچنے پر لواحقین نے نعش روڈ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔ بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیکر لواحقین کو انصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔دریں ثناء ۔جڑانوالہ (نامہ نگار) ٹریفک کے افسوسناک حادثہ میں کار اور موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجہ میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونیوالے میاں بیوی اوکاڑہ کے رہائشی تھے، تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 124 گ ب کے قریب کار اور موٹر سائیکل کے مابین حادثہ میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونیوالے میاں بیوی کی شناخت عابد وسیم اور سعدیہ عابد ساکن اوکاڑہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




