زائرین ،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدمات جاری

اسلام آباد ( بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے عظیم بدھ مت اور گندھارا ورثے کے تحفظ اور فروغ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے بدھ زائرین اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے یہ بات میانمار کے سفیر وونا ہان سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مری روڈ پر ایک ایسی مناسب سہولت کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جہاں بدھ مت سے منسوب مقدس اشیا کو احترام کے ساتھ محفوظ اور نمائش کے لیے پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سہولت بدھ زائرین اور دیگر مہمانوں کو ان مقدس آثار کے سامنے عقیدت و احترام کا اظہار کرنے کے لیے موزوں جگہ فراہم کرے گی۔اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ وزارت پشاور میوزیم میں محفوظ اہم بدھ مت سے منسوب مقدس اشیا کو قومی میوزیم منتقل کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ انہیں ایک مناسب قومی ادارے میں نمائش کے لیے پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اہم بدھ مت کے آثار کو ایک مخصوص قومی مرکز میں یکجا کرنے سے بدھ مت زائرین کے لیے رسائی بہتر ہوگی اور پاکستان کے گندھارا ورثے اور مذہبی سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان گندھارا تہذیب اور اپنے بدھ مت ورثے کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ اللہ دتہ غاروں کو آئندہ ماہ بدھ مت زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ پاکستان مختلف بدھ اکثریتی ممالک میں گندھارا نمائشوں کے انعقاد کا بھی منصوبہ رکھتا ہے تاکہ اس عظیم تہذیب اور اس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے میانمار کی حکومت کو وزارت خارجہ کے ذریعے مفاہمت کی یادداشت کا مسودہ پہلے ہی بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے میانمار کے سفیر سے درخواست کی کہ وہ اس عمل کو تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں مہمان نوازی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کا بھی ذکر کیا جس میں نئے اعلی معیار کے ہوٹلوں کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سہولیات مستقبل میں مذہبی، ثقافتی اور ورثہ سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔پاکستان میں میانمار کے سفیر وونا ہان نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں جن کے تاریخی روابط دونوں ممالک کی آزادی سے قبل کے دور تک پھیلے ہوئے ہیں۔انہوں نے آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے ساتھ میانمار کے تاریخی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام رنگون، موجودہ یانگون میں گزارے اور وہیں مدفون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یانگون میں ان کا مزار ایک اہم تاریخی مقام ہے اور جنوبی ایشیا سے آنے والے رہنما روایتی طور پر وہاں حاضری دیتے رہے ہیں جن میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف بھی شامل ہیں۔میانمار کے سفیر نے دوسری جنگ عظیم کے دوران برما مہم میں پاکستانی فوجیوں خصوصا پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سپاہیوں کی خدمات کا بھی ذکر کیا جنہوں نے جاپانی شاہی فوج کے خلاف اتحادی افواج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ تاریخی تجربات پاکستان اور میانمار کے عوام کے درمیان ایک اہم ربط ہیں۔بدھ مت کے ورثے کے حوالے سے سفیر وونا ہان نے کہا کہ جولائی 2024 میں پاکستان آمد کے بعد انہوں نے ٹیکسلا اور اس کے میوزیم سمیت گندھارا تہذیب کے کئی اہم آثار قدیمہ کے مقامات کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندھارا ورثہ میانمار اور دیگر بدھ اکثریتی ممالک جن میں تھائی لینڈ، سری لنکا، کمبوڈیا، لائوس اور ویتنام شامل ہیں، کے بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے گہری مذہبی اور ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔سفیر نے کہا کہ گندھارا اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ اس خطے میں یونانی اور بدھ فنون کے باہمی امتزاج سے یونانی-بدھ فن کا فروغ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس فن نے بدھ مت کے بصری پیکروں اور مجسماتی نمائندگی کے فروغ اور پھیلائو میں اہم کردار ادا کیا جو بعد ازاں بدھ اکثریتی ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں وسیع پیمانے پر رائج ہوئے۔انہوں نے ٹیکسلا، پشاور، وادی سوات اور مردان کے قریب تخت بھائی کو بدھ مت اور گندھارا ورثے کے اہم مراکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقامات دنیا بھر کی بدھ مت برادریوں کے لیے گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت رکھتے ہیں۔سفیر وونا ہان نے پاکستان اور میانمار کے درمیان بدھ مت زائرین اور مذہبی سیاحت کے فروغ میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان براہ راست کمرشل فضائی رابطہ موجود نہیں اور بدھ مت زائرین کے لیے چارٹر پروازوں کے امکان کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کے ذریعے پاکستان کو دیگر اہم بدھ مت کے مذہبی مراکز سے بھی منسلک کیا جا سکتا ہے۔سفیر نے گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کے فروغ کے لیے پاکستان، میانمار اور دیگر بدھ اکثریتی ممالک کے درمیان مزید تعاون کا خیرمقدم کیا۔ ٹیکسلا میوزیم میں منعقد ہونے والے ویساک ڈے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کو دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔میانمار کے سفیر نے پاکستانی چائے اور کھانوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ مزید ثقافتی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا آپ بہت معاون ہیں۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے اسلام آباد میں تعینات بدھ اکثریتی ممالک کے سفیروں کو شاہ اللہ دتہ غاروں کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی سفارت کاری اور عوامی سطح پر روابط پاکستان اور بدھ مت اکثریتی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی طائفوں، فنکاروں، دستکاری، کھانوں اور ثقافتی پروگراموں کے تبادلے کے ذریعے بھی تعاون کو وسعت دی جا سکتی ہے۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے گندھارا عمران شوکت نے کہا کہ بدھ بھکشوئوں کا ایک خصوصی وفد نومبر میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدھ مت اکثریتی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور گندھارا ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہا ہے۔دونوں جانب سے پاکستان اور میانمار کے درمیان ثقافتی تعاون بڑھانے، بدھ مت زائرین کے مذہبی سفر اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں