ساہیوال (بیوروچیف) ہڑپہ کے نواحی علاقے 107/7R میں منعقدہ میلے کی تقریب میں مبینہ طور پر بلند آواز میں ساؤنڈ سسٹم چلانے اور خواجہ سراؤں کی جانب سے رقص و موسیقی کی محفل منعقد کرنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق 29 ستمبر 2026ء کی رات تقریباً 2:30 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ میلے کی تقریب میں ساؤنڈ سسٹم کا استعمال مقررہ حدود سے تجاوز کرتے ہوئے کیا جا رہا ہے، جس کے باعث اہلِ علاقہ کو مبینہ طور پر پریشانی کا سامنا ہے۔اطلاع ملنے پر SI/SHO شاہ ولی سجاد پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس کے مطابق موقع پر خواجہ سراؤں کی جانب سے رقص اور بلند آواز میں میوزک جاری تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریب کو ختم کروایا۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے دفعہ 294 تعزیراتِ پاکستان اور پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 2015ء کی دفعہ 6 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔




