ساہیوال میں سموگ قوانین کی خلاف ورزی ،23اسٹون کرشرز سیل

سرگودھا (بیوروچیف) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظِ ماحول محمد رانا نے کہا ہے کہ سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اور ماحولیا تی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر کے دوران محکمہ تحفظِ ماحول نے زیرو ٹالرنس ایکشن پلان کے تحت ضلع بھر میں اینٹوں کے بھٹوں، اسٹون کرشرز اور صنعتی یونٹس کے مجموعی طور پر374 اینٹی سموگ معائنے کیے۔ ان کارروائیوں کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کی نگرانی اور سموگ کے تدارک کے لیے حکومتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سموگ قوانین کی خلاف ورزی پر 23 اسٹون کرشرز سیل کیے گئے، جبکہ 5 اینٹوں کے بھٹوں کو سربمہر اور 10 بھٹوں کو مسمار کیا گیا۔ خلاف ورزی کے مرتکب یونٹس پر مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو مکمل طور پر وصول کر لیا گیا ہے۔ محمد رانا نے کہا کہ سموگ کے خاتمے اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی یونٹ کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں