سرگودھا ( بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے سیٹلائٹ ٹاؤن واٹر سپلائی کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں غفلت اور کوتاہی پر ٹھیکیدار کی سخت سرزنش کی اور واضح کیا کہ شہریوں کو پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو سخت انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی کا نظام فوری طور پر بہتر بنایا جائے، بصورت دیگر ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں گرفتاری اور جیل بھی شامل ہو سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واٹر سپلائی کے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی اور دیگر انتظامی امور پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے پانی کے بل وصول کرنے کے باوجود بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہ کرنا اور اس کے نتیجے میں پانی کی فراہمی متاثر ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ٹھیکیدار اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور شہریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہ ہونے دے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی واسا اور اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کو ہدایت کی کہ واٹر سپلائی کے نظام کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور پانی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کے تعطل کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ افسران ٹھیکیدار کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کریں اور شہریوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی میں حائل رکاوٹیں فوری دور کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل اور شکایات دریافت کیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کے مسائل کے حل کے لیے متحرک ہے ۔اور پانی کی فراہمی میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے علاقوں میں پانی کی فراہمی میں تعطل یا کسی بھی قسم کی غفلت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت اقدامات کرتے ہوئے پانی کی فراہمی بحال اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل، ایم ڈی واسا عمران ابوبکر، متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔




