ساہیوال (بیوروچیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عدنان رشید نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں رواں سال گندم کی زیرِ کاشت فصل کا رقبہ 2 لاکھ 97 ہزار ایکڑ تک بڑھانے اور فی ایکڑ پیداوار میں بہتری کیلئے بروقت کاشت، معیاری و تصدیق شدہ بیج کے استعمال اور لائنوں میں کاشت پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منٹگمری ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ویٹ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں سیکرٹری ویٹ مینجمنٹ کمیٹی و ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید نے ضلع بھر میں گندم کی موجودہ صورتحال اور آئندہ سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ضلع ساہیوال میں تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی تھی جبکہ رواں سال کیلئے 2 لاکھ 97 ہزار ایکڑ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع میں گندم کی موزوں کاشت کا وقت یکم نومبر سے 20 نومبر تک ہے جبکہ زمین بروقت خالی نہ ہونے کی صورت میں 21 سے 30 نومبر تک بھی کاشت کی جا سکتی ہے۔اجلاس میں کھادوں کی دستیابی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈی اے پی، یوریا اور پوٹاش سمیت تمام اہم کھادیں ضلع بھر میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے بتایا کہ ضلع ساہیوال کیلئے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار گندم کے بیگز تیار ہیں جن کی ڈیلرز کو سپلائی جلد شروع کر دی جائے گی جبکہ ایک بیگ کی قیمت تقریباً 7 ہزار روپے تک ہونے کی توقع ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عدنان رشید نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گندم کی بروقت کاشت، معیاری بیج کے استعمال اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ کیلئے باہمی رابطے سے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ ضلع بھر میں گندم کی مقررہ ہدف کے مطابق کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔




