ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی فیلڈ انسپکشن کیلئے یکساں ایس او پیز مرتب کرنیکی ہدایت

سرگودھا(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے ضلع بھر میں سرکاری اداروں، عوامی سہولیات اور مختلف محکموں کی فیلڈ انسپکشن کے لیے جامع اور یکساں ایس او پیز مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسپکشن کا مقصد صرف خامیوں کی نشاندہی نہیں بلکہ ان کے بروقت ازالے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت ضلع میں انسپکشن کے نظام کو مؤثر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف نبیل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف محکموں کے فیلڈ وزٹس اور انسپکشن کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے انسپکشن کے لیے یکساں چیک لسٹ، واضح پیرامیٹرز، رپورٹنگ اور فالو اَپ کا نظام وضع کرنے پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے متعلقہ اداروں کی انسپکشن کے لیے قابلِ عمل ایس او پیز مرتب کریں تاکہ فیلڈ میں افسران کی ذمہ داریاں اور انسپکشن کے نتائج واضح طور پر ریکارڈ کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں جا کر اداروں کی کارکردگی، صفائی ستھرائی، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، دستیاب وسائل، عملے کی حاضری اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیں۔ انسپکشن کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کے ازالے کے لیے ذمہ دار افسران اور مقررہ مدت کا تعین بھی کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ انسپکشن رپورٹس پر مؤثر فالو اَپ یقینی بنایا جائے اور بار بار سامنے آنے والی خامیوں کے مستقل حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ذمہ دار بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ انسپکشن کا نظام عوامی خدمات کے معیار میں بہتری اور سرکاری اداروں کی مؤثر نگرانی کا اہم ذریعہ ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں