سرگودھا (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خاور بشیر احمد کی زیر صدارت تنازعات حل کمیٹی کا رواں ہفتے دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں شہریوں کے تنازعات کے حل کے لیے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مزید 15 کیسز کے فیصلے کیے گئے اور ٹریبونل بھجوانے کی منظوری دی گئی تاکہ متعلقہ فورم پر ان کی مزید کارروائی مکمل کی جا سکے۔اے ڈی سی آر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا کیسز کو جلد نمٹانے کے لیے ضروری کارروائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے اور تمام مقدمات میں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی کیس کو غیر ضروری تاخیر کا شکار نہ ہونے دیا جائے اور سائلین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔دریں اثنا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خاور بشیر احمد نے ریونیو کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے دوران مجموعی طور پر 49 کیسز سنے، جن میں سے 19 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ دیگر زیر التوا مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کے لیے ضروری قانونی و دفتری کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ مقدمات کو بروقت نمٹاتے ہوئے شہریوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔




