اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سید خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیرڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، اعلی تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، تعلیم، تحقیق اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط سمیت باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بالخصوص تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا نے 1973 میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، جبکہ 2022 میں اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کا قیام دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت تھی۔ملاقات میں تعلیم کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کے مسودے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔




