خوفناک ٹرین حادثہ،6مسافر جاں بحق،30زخمی

ملتان /اسلام آباد(نامہ نگار’بیورو چیف) ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار’6افراد جاں بحق 30سے زائد زخمی’کراچی سے پشاور جانیوالی رحمان بابا ایکسپریس کی ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب تمام 15بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی رفتار تیز تھی، جس کی وجہ سے تمام بوگیاں الٹ گئیں۔ایک مسافر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ صبح سوا 5بجے پیش آیا، روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔تمام لاشوں اور زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم لاپتا ہونے والی ڈیرھ سال کی بچی کی تلاش جاری ہے۔ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، 3سے 4گھنٹے میں ڈائون ٹریک بحال کردیا جائے گا، حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کام کر رہی ہے، شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچانے کے لیے دوسری کوچ فراہم کی گئی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔دریں ثناء ۔اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شیر شاہ کے قریب ٹرین حادثے کا نوٹس’ ٹرین حادثے پر انتہائی غم اور افسوس کا اظہار۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حادثے میں جاںبحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے’ انہوں نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا، وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی حادثے کی جگہ پہنچنے کے لیے روانہ ہوگئے۔ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کو ٹرین حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت۔ ٹرین آپریشن بذریعہ لودھراں، جہانیاں مکمل طور پر بحال ہے۔ علاوہ ازیں عوام اور مسافروں کی رہنمائی کے لیے تمام بڑے اسٹیشنوں پر 24 گھنٹے کام کرنے والے انفارمیشن /ہیلپ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی سی اوز (DCOs) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل سفری انتظامات کریں اور جہاں ضروری ہو وہاں ٹکٹ کی رقم کی واپسی (ریفنڈ) کو یقینی بنائیں رحمان بابا (47اپ) کی متبادل ٹرین 500سے زائد مسافروں کو لے کر شیر شاہ اسٹیشن سے روانہ ہو چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ملتان کے تعاون سے ان مسافروں کے لیے بسوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جو بذریعہ سڑک اپنا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں، مسافروں کی سہولت کے لیے کمرشل ڈیپارٹمنٹ کی تمام فیلڈ فارمیشنز ہائی الرٹ پر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں