راولپنڈی (سپورٹس نیوز) پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔صاحبزادہ فرحان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں 2فل ممبر ٹیموں کے درمیان3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ صاحبزادہ نے اپنی سرزمین پر پہلی سیریز کو یادگار بناتے ہوئے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔پاکستانی کپتان نے سیریز میں 79.33 کی شاندار اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز بنائے، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کارکردگی کے ساتھ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑنے کے ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان 2 فل ممبر ٹیموں کے درمیان ہونے والی 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز سے کیا، جس کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔




