ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی دارالحکومت ریاض اور جنوبی علاقے میں 3میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ ریاض اور جنوبی علاقے میںدو ڈرونز کو روک کر تباہ کیا گیا، ریاض میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ 15 مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔سعودی اتحاد نے کہا کہ ریاض صوبے کی وادی الدواسر اور السلیل گورنریٹس میں خطرہ ٹل گیا ہے۔قبل ازیں سعودی اتحادی فوج کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی سعودی شہر ظہران پر میزائل حملے کی کوشش ناکام بنا دی، میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، مشرقی ظہران میں تیل کمپنی آرامکو کی عمارت پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کے مطابق یمن کے شہر تعز میں یمنی فوج کے حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے اہداف پر 9 حملے کئے گئے۔




