لائیو سٹاک کے محکمانہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،ڈاکٹر ساجد اقبال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد و سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف ویٹرنری مراکز اور تولیدی سہولیات کا تفصیلی دورہ کیا اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی طبی، تشخیصی، جراحی اور مصنوعی نسل کشی کی خدمات سمیت مجموعی محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایڈوانسڈ ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد، جدید آپریشن تھیٹر، ایکسرے و الٹراسانڈ یونٹس، ضلعی سیمن سٹوریج سنٹر، سول ویٹرنری ہسپتال ٹھیکریوالہ، سول ویٹرنری ہسپتال پینسرہ اور کے اینڈ زیڈ سائرز سیمن پروڈکشن یونٹ نواں لاہور، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا معائنہ کیا۔انہوں نے مختلف مراکز میں عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین کے انتظامات، صفائی ستھرائی، جدید تشخیصی و جراحی آلات کی فعالیت اور سرکاری ریکارڈ کی تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی سیمن سٹوریج سنٹر اور سیمن پروڈکشن یونٹ میں سیمن کی پیداوار، معیار، محفوظ ذخیرہ کاری، ترسیل اور مصنوعی نسل کشی سے متعلق ریکارڈ و انتظامی امور کا بھی معائنہ کیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے مویشی پال حضرات سے براہِ راست گفتگو کی اور محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات، علاج معالجے اور دیگر خدمات کے معیار کے بارے میں ان کی آرا اور تجاویز حاصل کیں۔انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت، معیاری اور موثر ویٹرنری خدمات کی فراہمی، سرکاری وسائل کے شفاف و منصفانہ استعمال، ریکارڈ کی درست اور بروقت تکمیل اور محکمانہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیمن یونٹ پروڈکشن کے دورہ کے دوران خصوصی طور پر ہدایت کی کہ سیمن کی پیداوار، ذخیرہ کاری اور مصنوعی نسل کشی کے تمام مراحل میں پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط، معیاری طریقہ کار اور سائنسی اصولوں کی مکمل پابندی کی جائے تاکہ جانوروں کی نسلی و جینیاتی بہتری، تولیدی صلاحیت میں اضافے اور لائیوسٹاک کی پیداواری استعداد کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مویشی پال حضرات کو معیاری خدمات کی فراہمی، محکمانہ امور میں شفافیت، موثر نگرانی اور کارکردگی میں مسلسل بہتری محکمہ لائیوسٹاک کی بنیادی ترجیحات ہیں، جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں