فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے اور روشنی کے موثر انتظامات یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں شہر کی اہم شاہراں، گلی محلوں اور بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور فعالیت کے لیے جامع اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مراد حسین نیکو کارہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی، اہم شاہراہوں، گلی محلوں اور بازاروں میں غیر فعال لائٹس کی نشاندہی اور فوری چالو کرنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام تحصیلوں میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی، باقاعدہ مانیٹرنگ اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روشن سڑکیں نہ صرف شہریوں کے محفوظ سفر میں معاون ہوتی ہیں بلکہ شہر کو خوبصورت، صاف ستھرا اور بہتر شہری ماحول کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




