ٹریفک پولیس قوانین پر عملدرآمد کرانے کیلئے سرگرم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر (CTO) فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ٹریفک سٹاف کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک سٹاف دورانِ ڈیوٹی نظم و ضبط، خوش اخلاقی، تحمل اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو یقینی بنائے۔ شہریوں کے ساتھ احترام سے پیش آیا جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، ٹریفک جام کی روک تھام، اہم شاہراہوں اور مصروف چوکوں پر موثر ٹریفک مینجمنٹ، غلط پارکنگ کے خاتمے اور روڈ یوزرز کو سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ناصر جاوید رانا نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے ازالے کے لیے متعلقہ فورمز کے ذریعے بروقت اقدامات کیے جائیں۔ ٹریفک سٹاف اپنی ڈیوٹی ذمہ داری، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سرانجام دے۔چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک آگاہی، سوشل میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے ذریعے شہریوں تک اہم معلومات کی بروقت فراہمی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI)، حدِ نگاہ (Visibility) اور موسمی حالات کے پیش نظر شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو محفوظ، منظم اور رواں ٹریفک کی فراہمی، ٹریفک قوانین پر یکساں عملدرآمد اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چناب چوک میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہری نے ٹریفک وارڈن کو دیکھ کر واپسی کا رخ کیا اور ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹر سائیکل تیز رفتاری سے گلی میں داخل کر دی، جہاں کھڑی کار سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔کار کے مالک نے نقصان کے ازالے کے لیے ٹریفک وارڈن سے مدد کی اپیل کی۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار، جس نے اپنی موٹر سائیکل پر پولیس کا اسٹیکر بھی لگا رکھا تھا، نے مبینہ طور پر ٹریفک وارڈن کے ساتھ بدتمیزی کی، دھمکیاں دیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر نامناسب رویہ اختیار کیا۔واقعے کی اطلاع ون فائیو پولیس ہیلپ لائن پر دی گئی، جس پر پولیس موقع پر پہنچی۔ بعد ازاں مذکورہ موٹر سائیکل سوار کے خلاف تھانہ جھنگ بازار میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل نہ چلائیں اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔ ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی یا دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے قانون کا احترام کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے کینال روڈ پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ون ویلرز کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دیں۔ ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔شہریوں سے اپیل ہے کہ ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے اجتناب کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں