غیر قانونی و غیر معیاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیف سٹی فیصل آباد نے جعلی، کلون، ٹیمپرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ترجمان سیف سٹی فیصل آباد کے مطابق جدید کیمروں اور خودکار نگرانی کے نظام کی مدد سے مشکوک نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی مسلسل نشاندہی کی جا رہی ہے، جبکہ کیمروں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔یہ کریک ڈائون سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد، ڈسٹرکٹ پولیس فیصل آباد اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے اشتراک سے جاری ہے، جس کے تحت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ترجمان نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے مقرر کردہ نمونے، ڈیزائن اور سائز کے مطابق نمبر پلیٹس آویزاں کریں۔ غیر قانونی یا غیر معیاری نمبر پلیٹس کا استعمال قانونی کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق اس کریک ڈائون کا بنیادی مقصد گاڑیوں کی درست شناخت یقینی بنانا، جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کی موثر نگرانی، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ مزید بہتر بنانا ہے۔سیف سٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں