فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں آن اسکرین مارکنگ کے نظام کو عملی طور پر جانچنے اور اس کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنمنٹ و پرائیویٹ سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے11 کالجوں کے120طلبا و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے پیپر دیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی چیئرمین ٹاسک فورس وزیراعلیٰ پنجاب برائے بورڈز اصلاحات مزمل محمود اور ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری تھے۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن کے علاوہ پنجاب تعلیمی بورڈز کے 7 چیئرپرسنز ڈاکٹر اقصی شبیر گوجرانوالہ بورڈ اقبال محمود راولپنڈی بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد تتلہ ملتان بورڈ عباس حیدر سرگودھا بورڈ اشتیاق احمد بہاولپور بورڈ اور فیصل اعجاز ساہیوال بورڈ سمیت کنٹرولرز امتحانات اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے موک ایکسرسائز کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ویژن کے مطابق آن اسکرین مارکنگ کے نظام، امتحانی عمل، تکنیکی انتظامات اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کا عملی جائزہ لینا تھا تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں مہمانانِ خصوصی نے موک ایکسرسائز کے دوران قائم کیے گئے امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور طلبا و طالبات کے پیپر دینے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے آن اسکرین مارکنگ کے طریقہ کار، پرچوں کی جانچ، نظام کی افادیت اور اس سے متعلق مختلف امور کے بارے میں سوالات کیے اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی مزمل محمود نے آن اسکرین مارکنگ کے عملی پہلوئوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور امتحانی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس امر پر توجہ دی کہ جدید نظام کے ذریعے طلبا کی قابلیت کا منصفانہ جائزہ لینے، امتحانی عمل کو منظم بنانے اور نتائج کی تیاری میں بہتری لانے کے امکانات کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے بعد ازاں مہمانانِ خصوصی نے تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں قائم کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ کنٹرول روم کے قیام کو امتحانی سرگرمیوں کی نگرانی، انتظامی امور میں رابطہ کاری اور امتحانی نظام کے مختلف مراحل کو موثر انداز میں مانیٹر کرنے کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا گیا۔ مہمان خصوصی مزمل محمود نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ آن اسکرین مارکنگ جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ایک اہم نظام ہے، جس کا مقصد امتحانی عمل کو زیادہ شفاف، منظم اور موثر بنانا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پرچوں کی جانچ کے عمل میں بہتری لانے اور میرٹ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ امتحانات کسی بھی تعلیمی نظام کا بنیادی حصہ ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ طلبا کی محنت اور قابلیت کا جائزہ لینے کے لیے ایسا نظام وضع کیا جائے جس پر طلبا، والدین اور تعلیمی اداروں کا اعتماد برقرار رہے۔ آن اسکرین مارکنگ کے ذریعے امتحانی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جانچ کے مراحل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری نے کہا کہ اس نظام کو کامیابی سے نافذ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ افسران، امتحانی عملے اور تکنیکی ٹیموں کو مناسب رہنمائی فراہم کی جائے، نظام کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور سامنے آنے والے مسائل کو بروقت حل کیا جائے۔ موک ایکسرسائز اسی سلسلے کی ایک اہم سرگرمی ہے، جس سے عملی تجربات کی روشنی میں نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ طلبا و طالبات کو بہتر اور قابلِ اعتماد امتحانی سہولیات میسر آ سکیں۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، شفافیت کو فروغ دینے اور طلبا و طالبات کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ آن اسکرین مارکنگ کی موک ایکسرسائز کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے نظام کے مختلف پہلوں کو عملی طور پر جانچنے اور مزید بہتری کے مواقع کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ افسران اور تکنیکی ٹیموں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔ چیئرمین بورڈ نے موک ایکسرسائز میں شرکت کرنے والے مہمانانِ خصوصی اور پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت اور تجربات کے تبادلے سے امتحانی نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی نے پنجاب فیڈریشن ایمپلائز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں ملازمین کے مسائل اور ان کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد ثاقب علوی نے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی کی آمد کا خیرمقدم کیا اور ملازمین کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاہور بورڈ کی طرز پر پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے ملازمین کو بھی بورڈ الانس دیا جائے تاکہ ملازمین کی مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے اور ان کی خدمات کا بہتر اعتراف ہو۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملازمین کے اس مطالبے کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر اس کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر ماحول کو سرسبز بنانے اور درختوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں پنجاب کے سات تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز نے شرکت کی۔ انہوں نے موک ایکسرسائز کے انعقاد، باہمی رابطے اور انتظامات کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ موک ایکسرسائز کو آن اسکرین مارکنگ کے نظام کا عملی جائزہ لینے، متعلقہ افسران کے تجربات سے استفادہ کرنے اور امتحانی عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک اہم سرگرمی قرار دیا گیا۔




