کمالیہ(نامہ نگار)یونیورسٹی آف کمالیہ میں وزیراعظم لٹریسی ڈرائیو روشن پاکستان کے تحت سیمینارنیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور یونیورسٹی آف کمالیہ کے اشتراک سے وزیراعظم لٹریسی ڈرائیو روشن پاکستان(ایچ ون ٹیچ ون) کے تحت تربیتی و لٹریسی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی، ڈپٹی ڈائریکٹر ملک احسان اللہ کمبوہ، ڈی ای او زنانہ میڈم صائمہ اور رجسٹرار ڈاکٹر رئیس سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد 15 سے 45 سال کی ناخواندہ خواتین کو بنیادی تعلیم اور روزمرہ زندگی کی مہارتیں فراہم کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں بی ایس کے سینئر طلبہ و طالبات کو رضاکارانہ تدریس کی تربیت دی گئی، تاکہ ہر طالب علم ایک ناخواندہ خاتون کو تعلیم دے سکے ۔ مقررین نے پروگرام کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے اور اسے ملک بھر میں وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین کو تعلیم کے ساتھ سلائی کڑھائی، بیوٹیشن اور دیگر فنی مہارتیں سکھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے یونیورسٹی کی مختلف لیبارٹریز، فیشن ڈیزائننگ، کمپیوٹر لیب اور ہیلتھ کورسز کے شعبوں کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے تعلیمی و فنی کردار کو سراہا۔ اس موقع پر مختلف سماجی و تجارتی شخصیات نے پروگرام کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔




