سکول مالکان ہیلتھ سرٹیفکیٹس کیلئے براہ راست دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر شہزاد محمود سے ملاقات ہوئی، جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، زیرِ التوا ہیلتھ سرٹیفکیٹس کے اجرا اور مستحق نجی سکول مالکان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بچوں کی ذہنی صحت کے حوالے سے بھی باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔وفد کی قیادت چیئرمین پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب رانا شاہد مقرب نے کی، جبکہ وفد میں ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی فیصل آباد ندیم سندھو، محمد اسلم بٹ اور حافظ محمود الحسن شامل تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد محمود نے نجی سکول مالکان کے مسائل کے حل کے حوالے سے مثبت رویے کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ہیلتھ سرٹیفکیٹس کے اجرا کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق بنایا گیا ہے اور اس سلسلے میں مبینہ ٹائوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول مالکان ہیلتھ سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے براہِ راست دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کو رقم دینے کی ضرورت نہیں۔ اگر کوئی شخص سرٹیفکیٹ کے اجرا کے عوض غیر قانونی رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے وفد نے ڈاکٹر شہزاد محمود کے اقدامات اور نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کے مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری محکمہ صحت اور نجی تعلیمی اداروں کے مابین موثر رابطہ کاری کو فروغ دے کر سکولوں کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے ۔اور بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے مل جل کر کام کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں