ٹوبہ میں 3لاکھ سے زائد ایکڑ پر گندم کا ہدف مقرر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق گندم کی پیداوار میں اضافے، کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی اور آئندہ سیزن میں مقررہ اہداف کے حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی کاشت کے ہدف، جاری آگاہی مہم، معیاری بیج و کھاد کی دستیابی، زرعی ادویات کے معیار اور نہری پانی کی منصفانہ تقسیم سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد، متعلقہ محکموں کے افسران، کاشتکاروں اور کھاد و زرعی مداخل کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رواں سیزن کے دوران 3 لاکھ 35 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے آگاہی مہم جاری ہے۔ اب تک 257 دیہات میں منعقدہ آگاہی میٹنگز میں 5 ہزار 826 افراد نے شرکت کی، جہاں کاشتکاروں کو گندم کی بروقت بوائی، جدید زرعی طریقوں کے استعمال اور بہتر پیداوار کے لیے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ گندم کے معیاری بیج کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کے لیے موثر منصوبہ بندی کی جائے اور کاشتکاروں کو کھاد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم کی بوائی کے اہم سیزن میں بیج اور کھاد کی قلت یا عدم دستیابی کے باعث کاشتکاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد نے بتایا کہ گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کے حصول اور کاشتکاروں کی موثر رہنمائی کے لیے تمام تحصیلوں میں میگا فارمرز میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں