سرگودھا (سٹاف رپورٹر)محکمہ زراعت توسیع سرگودھا اور فاطمہ فرٹیلائزر کے باہمی اشتراک سے رائل تاج مارکی، لاہور روڈ سرگودھا میں سرسبز کسان کنونشن برائے گندم پیداواری مہم منعقد ہوا۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید بھی تقریب میں شریک ہوئے۔کنونشن میں ڈائریکٹر زراعت توسیع سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر اشفاق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع گوہر رحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد نواز سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور سرگودھا کے کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر اشفاق احمد نے کسانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی اقدامات اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید کاشتکاری کے طریقوں، متوازن کھادوں کے استعمال، بروقت آبپاشی اور فصل کی بہتر نگہداشت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے محکمہ زراعت اور کسانوں کے درمیان مؤثر رابطے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر گندم کی پیداوار کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامیاب کسانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ کنونشن میں شریک کسانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی رہنمائی سے استفادہ کیا۔




