فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب اسمبلی کی منظور کردہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز (ترمیمی) ایکٹ 2026 کے تحت فیصل آباد کی2 یونیورسٹیوں سمیت 6سرکاری جامعات کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ نافذ العمل ہو گیا ہے، جس کے بعد ان تعلیمی اداروں کے ناموں سے لفظ یونیورسٹی ختم کرکے ان کی تاریخی کالج شناخت بحال کی جا رہی ہے۔نئے ناموں کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کو گورنمنٹ کالج فیصل آباد، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین فیصل آباد، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیالکوٹ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کو گورنمنٹ کالج لاہور، گورنمنٹ صادق کالج یونیورسٹی بہاولپور کو گورنمنٹ صادق کالج بہاولپور جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کو لاہور کالج برائے خواتین لاہور کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔حکومتی فیصلے کے مطابق ناموں کی تبدیلی سے ان اداروں کی یونیورسٹی کی حیثیت، تعلیمی اختیارات، انتظامی ڈھانچے اور اعلی تعلیم سے متعلق امور متاثر نہیں ہوں گے بلکہ یہ ادارے بدستور یونیورسٹی کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ صرف ناموں سے لفظ یونیورسٹی ختم کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب یونیورسٹی آف سرگودھا کا نام تبدیل نہیں کیا گیا اور اس کی موجودہ شناخت برقرار رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد تاریخی تعلیمی اداروں کی اصل شناخت اور روایتی ناموں کو بحال کرنا ہے۔




