لاہور (سپورٹس نیوز)سری لنکا کے فیلڈنگ اور اسپن بولنگ کوچ جارڈن گریگوری نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم نے مقابلے کے دوران اچھی مزاحمت کی، تاہم آخری لمحات میں بعض غلط فیصلوں اور ناقص کارکردگی کے باعث اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران جارڈن گریگوری نے انگلینڈ کی اسپن بولنگ کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حریف بولر نے سمجھداری سے بولنگ کی اور سری لنکن بیٹرز کو کھل کر رنز بنانے کے مواقع نہیں دئیے۔انہوںنے کہاکہ آئندہ میچز میں کامیابی کے لیے پچ اور کھیل کے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا انتہائی اہم ہوگاکیونکہ مختلف میچز میں پچ کا رویہ مختلف رہا ہے۔انہوں نے پاون کی عمدہ بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر سری لنکا کی وکٹیں محفوظ رہتیں تو ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب ہوسکتی تھی۔ کوچ نے فیلڈنگ میں موجود خامیوں کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اپنی فیلڈنگ بہتر بنانے کے ساتھ کارکردگی میں تسلسل لانا ہوگا تاکہ آئندہ میچز میں بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔جارڈن گریگوری کے مطابق ٹیم کو شکست سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہوگا اور آئندہ مقابلوں میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔




